امت ِ مسلمہ کا المیہ

از قلم:ندیم اختر سلفی 
فاضل جامعہ اسلامیہ ,مدینہ طیبہ 

الحمد للہ و کفی و الصلاۃ و السلام علی أشرف الأنبیاء و المرسلین أما بعد

🔹یہ امت مسلمہ کا المیہ ہی کہئے کہ میڈیا جیسے بڑے پلیٹ فارم پر جاکر اسلام اور اس کے احکام کے بارے میں وہ بتارہے ہیں جنہیں صحیح سے اسلام کا پتہ ہی نہیں، جو شریعت کے نہ احکام سے واقف ہیں اور نہ اس کی حکمت سے، سر اور چہرہ کھولے بے حجاب آکر حجاب کے متعلق کوئی شرعی مزاج بتائے مذاق ہی تو ہے، ہمارے علماء میں ہزاروں ایسے ہیں جو اسلام پر ہونے والے ہر حملے کا دندان شکن جواب دے سکتے ہیں، لیکن ان کی خاموشی کی کوئی وجہ نظر نہیں آتی، اسلام پر ہر چہار جانب سے حملہ ہورہا ہے، اسلامی ثوابت اور بنیادوں سے چھیڑ چھاڑ کیا جارہا ہے اور اہل حق یا تو خاموش ہیں یا اسٹریم میڈیا میں ان کی نمائندگی بالکل نہ ہونے کے برابر ہے، ہم اسلام کو دین حق بھی مان رہے ہیں اور اس کے دفاع کے لئے تیار بھی نہیں!!

🔹مسلمانوں کی نمائندہ دسیوں تنظیمیں ہیں بھارت میں لیکن ملت کے بیشتر مسائل میں ان کی خاموشی نے مسلمانانِ ہند کو بہت مایوس کیا ہے، ان کے سرد رویّے نے مسلمانوں کے اعتماد کو متزلزل ہی کیا ہے، کیا انہیں اپنی ذمہ داری اور اللہ کے یہاں پوچھے جانے کا احساس نہیں؟

🔹جمہوریت ایک مضبوط بنیاد ہے ہمارے ملک کی ہم جب تک دینی اعتبار سے طاقت ور نہ ہوجائیں ہمیں اسی جمہوریت میں جینا ہوگا اور اسے مضبوط کرنا ہوگا، یہاں بھی ملی تنظیموں نے مسلمانوں کو بہت مایوس کیا ہے ان کی پکڑ کمزور سے کمزور تر ہوتی جارہی ہے کیونکہ وہ اپنے مفاد کو زیادہ تر مقدم رکھتے ہیں، اسی لئے نوجوانانِ ملت انہیں اچھی نگاہوں سے نہیں دیکھتے، ان کے بارے میں اچھی رائے نہیں رکھتے.

🔹بھائیو! ذرا سوچیں اللہ کا سب سے پسندیدہ دین کی ہی اگر ہم حفاظت نہیں کرسکتے تو پھر ہماری زندگی کا مقصد کیا رہ جاتا ہے؟ جب اللہ کے دین سے آپ وفا نہیں کرسکتے تو اللہ کی طرف سے ایفاءِ وعد کی امید کیوں رکھتے ہیں؟

🔹نوجوانوں کی بے عملی اور بے راہ روی نے بھی بھارت کے موجودہ ماحول کو پروان چڑھانے میں بہت حد تک مدد پہنچایا ہے، نہ انہیں اپنی اہمیت کا احساس ہے اور نہ دین کی قیمت کا اندازہ، انہیں اللہ پر اعتماد اور اپنے عمل سے زیادہ مسلم نمائندگی پر بھروسہ ہونے لگا ہے، اللہ عرش پر ہماری ایک ایک حرکت پر نظر رکھے ہوا ہے، اس کے باوجود ہم بدلنے اور پلٹنے کو تیار نہیں.

🔹اللہ آج بھی ہمارا محافظ ہے اور تا قیامت رہے گا، الہ العالمین امت مسلمہ کی حفاظت فرما.

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *