رمضان سخاوت  کا مہینہ ہے

از قلم:ندیم أختر سلفی مدنی
اسلامک دعوہ سینٹرحوطہ سدیر ؛سعودی عرب

صحیح بخاری میں حضرت عبد اللہ بن عباس رضی اللہ عنہما کا بیان ہے کہ: (( كَانَ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم أَجْوَدَ النَّاسِ وَكَانَ أَجْوَدُ مَا يَكُونُ فِي رَمَضَانَ حِينَ يَلْقَاهُ جِبْرِيلُ وَكَانَ يَلْقَاهُ فِي كُلِّ لَيْلَةٍ مِنْ رَمَضَانَ فَيُدَارِسُهُ الْقُرْآنَ فَلَرَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم أَجْوَدُ بِالْخَيْرِ مِنَ الرِّيحِ الْمُرْسَلَةِ ))(بخاري ح: 6، مسلم ح: 2308)  “رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سب لوگوں سے زیادہ سخی تھے،  اور رمضان میں جب جبریل علیہ  السلام آپ سے ملتے تو بہت زیادہ جود وکرم فرماتے،جبریل علیہ  السلام رمضان کی ہر رات میں آپ سے ملاقات کرتے اور آپ کے ساتھ قرآن کا دورہ کرتے، تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم بارش لانے والی ہوا سے بھی زیادہ جو د وکرم فرمایا کرتے تھے”۔

رمضان میں جود وکرم اور  سخاوت  تو ہمارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے اخلاق میں سے ہے، ہر مسلمان کو چاہئے کہ اللہ کے راستے میں جود وسخاوت  کا اپنے نفس کو عادی بنائے، یہ عظیم عبادت  جو اب بعض اسلامی سماج سے معدوم اور  غائب ہوتی جارہی ہے، حتی کہ اللہ کے راستے میں خرچ کرنے والوں میں کمی کے باعث  اب انہیں انگلیوں پر گنا جاتا ہے، حال تو یہ ہے کہ اموال کی کثرت ، بے انتہا ضرورت  اور خرچ کے مختلف  مواقع  اور راستوں کے باوجود  جود وکرم اور سخاوت کا عمل کم ہوتا جارہا ہے۔

ہزاروں اور لاکھوں روپے انسان اپنی خواہشات کی نذر کردیتا ہے ، لیکن جب اللہ کے راستے میں خرچ کرنے اور فقراء ومساکین کی مدد کرنے کی بات آتی ہے تو یہی انسان دس قسم کے بہانے بناتا ہے، حالانکہ ہوسکتا ہے اللہ کے راستے میں خرچ کرنا اس کے لئے جنت میں جانے کا سبب بن جائے،  ہر مسلمان کو چاہئے کہ اس ماہِ مبارک میں صدقہ وخیرات کرنے کی عادت ڈالے، بلکہ اللہ نے اس کی ترغیب دیتے ہوئے جلدی  خرچ  کرنے کا حکم دیا  اور تاخیر کرنے پر ڈرایا ہے۔اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے: (يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا أَنْفِقُوا مِمَّا رَزَقْنَاكُمْ مِنْ قَبْلِ أَنْ يَأْتِيَ يَوْمٌ لا بَيْعٌ فِيهِ وَلا خُلَّةٌ وَلا شَفَاعَةٌ)(البقرة:254) (ترجمہ: اے ایمان والو!جو ہم نے تمہیں دے رکھا ہے اس میں سے خرچ کرتے رہواس سے پہلے کہ وہ دن آئے جس میں نہ تجارت ہے نہ دوستی اور نہ شَفاعت)۔اللہ ہمیں اس ماہ ِ مبارک میں صدقہ وخیرات کی خوب توفیق عطا فرمائے۔

 

 

 

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *