مبارک باد قبول فرمائیں

محترمی جناب فضیلۃ الشیخ  ڈاکٹر عبد السلام بن صلاح الدین مدنی ۔حفظہ اللہ و رعاہ

السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ و بعد

آپ کے برقی مجلہ (ارمغان سلام)کی اشاعت کی خبر سن کر بڑی خوشی ہوئی,آپ نے یہ فیصلہ کرکے دنیائے صحافت میں ایک عظیم اور خوش کن اضافہ فرمایا ہے ,اللہ آپ کو بہتر بدلوں سے نوازے ۔آمین

آج کے اس برق رفتار عہد میں، صحافت کی اہمیت و افادیت سے کسی بھی صورت میں انکار نہیں کیا جاسکتا۔ صحافت انسانی اقدار کے تحفظ کی ضامن اورمظلوم و مجبور عوام کے جذبات و احساسات کی ترجمان ہوتی ہے۔ آج کے اس دور میں، جہاں بیشتر ممالک میں جمہوری حکومتیں ہیں، وہاں صحافت کی اہمیت دو چند ہوجاتی ہے؛ کیوں کہ کسی بھی جمہوری حکومت میں عوام کی تعمیر و ترقی، فلاح و بہبود اور نظم و ضبط کے نفاذ کے لیے تین ادارے ہوتے ہیں: “مقنّنہ”، “انتظامیہ” اور” عدلیہ”۔ ان تینوں اداروں کی سلامتی کے لیے صحافت کا وجود ضروری اور لازمی ہے۔ صحافت کے بغیر ان مذکورہ اداروں کا جمہوریت پسند ہونا متزلزل اور مشکوک  ہوجاتا ہے۔ صحافت کی قوت دراصل عوام کی قوت ہوتی ہے؛ یہی وجہ ہے کہ حکومت اور عوامی ادارے اس کے احترام پر مجبور ہوتے ہیں۔ اگر آپ کو اپنی بات حکومت وقت سے منوانی ہو، اسی طرح کسی جماعت، تحریک یا حکومت کی پالیسی کو کامیابی یا ناکامی میں بدلنا ہو؛ تو اس حوالے سے بھی صحافت ایک بڑا کردار ادا کرتی ہے، جیسا کہ  ہم اس کا مشاہدہ صبح و شام کرتے ہیں,اور اپنے سر کی آنکھوں سے دیکھتے ہیں اور روزانہ دیکھتے ہیں۔

آج جس طرح سائنسی ایجادات اور انفارمیشن ٹکنالوجی (Information Technology) دن بہ دن تیز رفتاری کے ساتھ ترقی کی جانب محو سفر ہے کہ اس نے پوری دنیا کو ایک چھوٹے سے گاؤں میں تبدیل کردیا ہے۔ ان ایجادات کی وجہ سے آج “برقیاتی صحافت” کا دائرہ کافی وسیع ہوگیا ہے؛ لہذا اس دائرے میں عوامی رابطے کی ویب سائٹس، جیسے: فیس بک، ٹویٹر، گوگل پلس وغیرہ سب شامل ہیں۔ اگر یہ رفتار یوں ہی برقرار رہی؛ تو “برقیاتی صحافت” کے میدان میں، مستقبل قریب میں بہت کچھ اضافہ ہونے کا امکان ہے۔

آپ نے ارمغان ِ سلام کی اشاعت کے فیصلہ کے بعد اس باب میں ایک حسین اضافہ فرمایا ہے؎

کھینچو نہ کمانوں کو نہ تلوار نکالو   ٭   جب توپ مقابل ہوتو اخبار نکالو

آپ کو اس پر بہت بہت مبارک باد

اللہ آپ کو سدا آباد رکھے,خوش رکھے,شاداب رکھے اور آباد رکھے

آپ کا اپنا:۔

ساغر کشمیری

(جموں کشمیر)

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *